بھٹکل یکم نومبر (ایس او نیوز) یکم نومبر کو کرناٹک بھر میں کنڑا راجیہ اُتسوا کی تقریبات منائی جاتی ہیں، اُسی مناسبت سے آج بھٹکل میں بھی خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت بھٹکل رکن اسمبلی سُنیل نائک نے کی۔
صبح آٹھ بجے بندر روڈ پر واقع نیو انگلش اسکول میدان میں کنڑا کی دیوی بھونیشوری کی مورتی پر پھول برساتے ہوئے پروگرام کاآغاز کیا گیا، پھر مختلف اسکولی بچوں نے اسکول سے ریلی نکالتے ہوئے نوائط کالونی میں واقع تعلقہ اسٹڈیم (المعروف وائی ایم ایس اے میدان) پہنچے۔
یہاں اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے ترنگا جھنڈا لہراتے ہوئے پروگرام کا آغاز کیا، بعد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آج یکم نومبر کو کنڑا بھاشہ اور کنڑا کلچر والوں کے لئے عید کادن قرار دیا۔ اسکول ٹیچر شری دھر شیٹھ نے بھٹکل کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کئی ایک باتوں کا تذکرہ کیا، انہوں نے کہا کہ قریب 750 سال قبل بھٹکل میں جین کی حکمرانی تھی، یہاں سے 18 کلو میٹر دور سنگیت پورا نام کا ایک دیہات تھا جس کا نام بعد میں بدل کر ہاڈو ۔ولّی ہوگیا۔اسی قصبہ کا ایک ادیب جس کا نام بھٹّا کلنکا تھا، اُسی کے نام سے بھٹکل کا نام موسوم ہے۔ ایم ایل اے سنیل نائک نے تاریخی معلومات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی تاریخ کو یادرکھنا چاہئے۔
کنڑا زبان، کلچر اور ادب کو فروغ دینے کی کوشش کرنے والوں کی اس موقع پر تہنیت کی گئی، جن کے نام یہ ہیں: چندرشیکھر پڑوگونی (کنڑا لٹریچر)، آننت ہیبّار کونار ( کنڑا میوزک)، کُوپّا نائک ( کنڑا ۔جن پدا)، سبرایا بھٹ بینگرے (یکش گان) ، سری رنگا پٹگار (اسپورٹس) اور پرشانت پٹگار (کنڑا اِن ایڈمنسٹریشن)
مختلف اسکولی بچوں نے ا س موقع پر کنڑا گیت گاتے ہوئے گیت پر ڈانس کا مظاہرہ کیا۔نیو انگلش اسکول کے طلبہ نے پلاسٹک کے استعمال کو روکنے کے لئےعوام میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ایک مکالمہ پیش کیا۔
بھٹکل تحصیلدار روی چندرا نے استقبال کیا، بلاک ایجوکیشن آفسر دیوی دا س موگیر نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔ بھٹکل میونسپل چیف آفسر رادھیکا، جالی پٹن پنچایت چیف افسر رامچندرا ، ورنیکر، پنچایت ایکزی کوٹیو آفسر پربھاکر چکن منے، نوکرا سنگھا کے صدر موہن نائک، بی آر سی کوارڈینٹر یلّما، فزیکل ڈائرکٹر چندرشیکھر شٹی سمیت کافی دیگر آفسران موجود تھے۔